کشمیریوں کی صدیوں پر محیط جدوجہد

08:50 AM, 4 Jul, 2026

قوموں کی تاریخ چند واقعات سے نہیں لکھی جاتی، بلکہ صدیوں پر محیط اجتماعی تجربات، قربانیوں اور مسلسل جدوجہد سے تشکیل پاتی ہے۔ اسی لیے کسی بھی قوم کے بارے میں رائے قائم کرتے وقت علمی دیانت، تاریخی شعور اور صحافتی احتیاط بنیادی تقاضے ہیں۔ جب تاریخ کو چند نام نہاد انفرادی واقعات میں سمیٹ دیا جائے یا افراد کے اعمال کو پوری قوم کی شناخت بنا دیا جائے تو نہ صرف حقیقت مسخ ہوتی ہے بلکہ انصاف کا دامن بھی چھوٹ جاتا ہے۔ چند روز قبل ایک سینئر صحافی اور بلاگر کا وی لاگ دیکھنے کا اتفاق ہوا۔ اختلاف اس بات پر نہیں تھا کہ انہوں نے کشمیر ایکشن کمیٹی پر تنقید کی، کیونکہ کسی بھی تنظیم، جماعت یا قیادت پر سوال اٹھانا ہر شہری و صحافی کا حق ہے۔ میں خود بھی کشمیر ایکشن کمیٹی کی بعض حکمتِ عملیوں اور سیاسی فیصلوں سے اختلاف رکھتا ہوں۔ لیکن حیرت اس وقت ہوئی جب گفتگو کا دائرہ ایک تنظیم سے نکل کر پوری کشمیری قوم کی تاریخ، کردار اور اجتماعی جدوجہد تک پھیل گیا، اور چند انفرادی واقعات کو اس انداز سے پیش کیا گیا جیسے وہ پوری قوم کے مزاج اور شناخت کی نمائندگی کرتے ہوں۔ علمِ تاریخ اور سماجی علوم کا ایک مسلمہ اصول ہے کہ کسی بھی معاشرے کا تجزیہ انفرادی مثالوں سے نہیں بلکہ مجموعی تاریخی تجربے، سماجی ساخت اور اجتماعی رویوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ منطق میں اسے تعمیمِ ناروا کہا جاتا ہے، یعنی چند مثالوں سے ایک ہمہ گیر نتیجہ اخذ کر لینا۔ یہی مغالطہ اکثر معاشروں کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کرتا ہے۔ اگر ہم کشمیریوں کی تاریخ کا مطالعہ کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ ان کی اجتماعی جدوجہد کا آغاز نہ آج ہوا اور نہ کسی ایک سیاسی جماعت یا تنظیم کے ساتھ وابستہ ہے۔ 1846 کے معاہدہ امرتسر کے بعد قائم ہونے والے ڈوگرہ راج نے کشمیر کی سیاسی اور سماجی تاریخ پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ بھاری ٹیکس، بیگار، محدود سیاسی حقوق اور معاشی محرومیوں نے کشمیری معاشرے میں اپنے حقوق کے شعور کو جنم دیا۔ یہی شعور آگے چل کر 1931 کی عوامی تحریک میں نمایاں ہوا، جسے جدید کشمیری سیاسی بیداری کا ایک اہم سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔ 1947 میں برصغیر تقسیم اور آزاد ہوا، مگر مقبوضہ کشمیر غلام بن گیا۔ اس کے بعد کئی جنگیں ہوئیں، خاندان تقسیم ہوئے، ہزاروں انسان جان سے گئے اور لاکھوں لوگ غیر یقینی حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے۔ بعد کی دہائیوں میں عسکریت، جوابی کارروائیاں، کرفیو، نقل و حرکت پر پابندیاں، گرفتاریاں اور انسانی مشکلات کشمیری زندگی کا مستقل حصہ بنتی رہیں۔ 8 لاکھ بھارتی فوجی بھیڑیوں کے ذریعے تاریخ کے طویل ترین کرفیو میں انہوں نے مردے گھروں میں دفن کیے، ان کی آبروریزیاں ہوئیں۔ان واقعات کی سیاسی تعبیر مختلف ہو سکتی ہے، لیکن ان کے تاریخی وجود سے انکار ممکن نہیں۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ ہجرت صرف کشمیریوں کا تجربہ نہیں بلکہ انسانی تاریخ کا مستقل باب ہے۔ انسان ہمیشہ بہتر معاشی مواقع، امن، تعلیم، تجارت اور محفوظ مستقبل کی تلاش میں اپنے وطن چھوڑتے رہے ہیں۔ آج بھی دنیا کے مختلف خطوں سے لاکھوں افراد یورپ، شمالی امریکہ اور مشرقِ وسطیٰ کا رخ کرتے ہیں۔ اگر ان میں سے چند افراد غیر قانونی ذرائع اختیار کرتے ہیں تو اس کی ذمہ داری انہی افراد پر عائد ہوتی ہے، نہ کہ پوری قوم پر۔ یہی اصول انصاف، قانون اور سماجی تحقیق کا تقاضا ہے۔ میرے اجداد پہلگام سری نگر سے ہجرت کر کے موجودہ پاکستان آئے تھے۔ یہ معاملہ صرف جذبات کا نہیں بلکہ تاریخی دیانت کا بھی ہے۔ کسی بھی قوم کی شناخت اس کے چند افراد سے نہیں بلکہ اس کی تہذیب، تاریخ، اجتماعی رویوں اور صدیوں پر محیط سفر سے متعین ہوتی ہے۔ اگر کشمیریوں کی جدوجہد محض وقتی یا معاشی مفادات کا نتیجہ تھی تو پھر ڈوگرہ راج کے دور میں وہ کس مقصد کے لیے آواز اٹھا رہے تھے؟ جب برصغیر پر برطانوی استعمار قائم تھا، جب یورپ کی موجودہ امیگریشن پالیسوں کا وجود بھی نہیں تھا، تب کشمیری عوام کی تحریکوں کا محرک کیا تھا؟ تاریخ بتاتی ہے کہ ان کی جدوجہد سیاسی نمائندگی، معاشی انصاف، انسانی وقار اور بنیادی حقوق جیسے مطالبات کے گرد گھومتی رہی۔ اس پورے تاریخی تسلسل کو نظر انداز کر کے چند انفرادی واقعات کی بنیاد پر پوری قوم کا تعارف پیش کرنا علمی دیانت کے معیار پر پورا نہیں اترتا۔ وی لاگ میں ایک اور صحافی کی رائے کو بھی بطورِ تائید پیش کیا گیا۔ کسی بھی معروف صحافی یا تجزیہ نگار کی رائے یقینا اہم ہو سکتی ہے، مگر صحافت میں شخصیت کبھی دلیل کا متبادل نہیں بنتی۔ معتبر صحافت کی بنیاد مستند دستاویزات، تاریخی شواہد، قابلِ تصدیق اعداد و شمار اور منطقی استدلال پر ہوتی ہے، نہ کہ صرف کسی معروف نام کے حوالے پر۔ اسی طرح ایک سنجیدہ تجزیے میں ہر دعوے کا منطقی تسلسل بھی ضروری ہوتا ہے۔ اگر مختلف موضوعات کو بغیر مضبوط ربط کے یکجا کر دیا جائے تو تجزیہ کمزور پڑ جاتا ہے۔ صحافت کا اصل سرمایہ الفاظ نہیں بلکہ اعتبار ہے، اور اعتبار اسی وقت پیدا ہوتا ہے جب دلیل، تحقیق اور توازن ایک ساتھ موجود ہوں۔ انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ افراد کا احتساب انفرادی بنیاد پر ہو اور پوری قوم کا جائزہ اس کی مجموعی تاریخ اور اجتماعی کردار کی روشنی میں لیا جائے۔ اختلاف جمہوریت کا حسن ہے اور تنقید صحافت کا بنیادی فریضہ۔ لیکن اختلاف اگر تحقیق سے خالی ہو جائے اور تنقید اگر تعمیم کا شکار ہو جائے تو وہ اصلاح کے بجائے غلط فہمی کو جنم دیتی ہے۔ ایک ذمہ دار صحافی کا کام یہ نہیں کہ وہ قوموں کے بارے میں فوری فیصلے صادر کرے، بلکہ یہ ہے کہ وہ حقائق کو ان کے تاریخی تناظر میں رکھ کر قاری کو سوچنے کا موقع دے۔ کشمیریوں کی جدوجہد کسی ایک جماعت، ایک تنظیم یا ایک نسل کی داستان نہیں۔ یہ ایک طویل تاریخی سفر ہے جس میں سیاسی بیداری، معاشرتی ارتقا، انسانی قربانیاں اور شناخت کی مسلسل جستجو شامل ہے۔ صحافت کی عظمت اس میں نہیں کہ وہ شور پیدا کرے، بلکہ اس میں ہے کہ وہ شعور پیدا کرے۔ اور شعور اسی وقت جنم لیتا ہے جب قلم تحقیق سے روشنی حاصل کرے، تاریخ سے رہنمائی لے اور انصاف کو اپنی بنیاد بنائے۔ قوموں کا تعارف لمحوں سے نہیں، صدیوں سے لکھا جاتا ہے، اور کشمیریوں کی شناخت بھی ان کی صدیوں پر محیط جدوجہد، ان کی تہذیبی بقا اور تمدن، ان کی اجتماعی قربانیوں اور ان کے تاریخی سفر سے متعین ہوتی ہے، نہ کہ چند افراد کے اعمال سے۔

مزیدخبریں