پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، شواہد پر مبنی ای چالان سسٹم شروع

06:05 PM, 3 Jul, 2026

لاہور: پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے صوبے بھر میں ثبوت پر مبنی ڈیجیٹل چالان سسٹم نافذ کر دیا ہے۔ نئے نظام کے تحت اب ہر ٹریفک چالان کے ساتھ خلاف ورزی کی ویڈیو اور تصاویر بھی دستیاب ہوں گی تاکہ شہری خود شواہد کا جائزہ لے سکیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کسی بھی ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ شہری کو 8070 سے ایک اطلاع پر مبنی ایس ایم ایس بھیجا جائے گا، جس میں موجود لنک کے ذریعے وہ اپنی مبینہ خلاف ورزی کی مکمل ویڈیو اور تصاویر دیکھ سکے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ جدید نظام ٹریفک پولیس ون ایپ کے ذریعے پورے پنجاب میں نافذ کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر متعارف کرائے گئے اس اقدام کا مقصد ٹریفک چالان کے عمل کو زیادہ شفاف، غیرجانبدار اور عوام کے لیے قابلِ اعتماد بنانا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے مطابق نئے طریقہ کار سے ٹریفک اہلکاروں اور شہریوں کے درمیان چالان سے متعلق پیدا ہونے والے اختلافات میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ وقت کی بچت کے ساتھ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مؤثر قانونی کارروائی بھی ممکن ہو سکے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ان کے بقول ثبوت کے ساتھ چالان جاری کرنے کا یہ ماڈل نہ صرف قانون کی یکساں عملداری کو یقینی بنائے گا بلکہ ٹریفک پولیس پر عوام کے اعتماد کو بھی مضبوط کرے گا۔

مزیدخبریں