سب میرین کیبل میں فنی خرابی، ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہونے کی تصدیق

12:05 AM, 3 Jul, 2026

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بتایا ہے کہ ایس ایم ڈبلیو 5 (SMW-5) سب میرین کیبل میں پیش آنے والی تکنیکی خرابی کے باعث بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے بعض حصوں میں صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار کم ہونے اور کنیکٹیویٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ماہرین خرابی کی نوعیت اور اسباب کا تعین کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، جبکہ مسئلے کے فوری حل کے لیے ضروری تکنیکی اقدامات بھی جاری ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کو زیادہ متاثر ہونے سے بچانے کے لیے بین الاقوامی ڈیٹا ٹریفک کو متبادل روٹس کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کو ممکنہ حد تک بلاتعطل سروس فراہم کی جا سکے۔

پی ٹی اے نے مزید بتایا کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار ہے۔

یاد رہے کہ جمعہ کے روز پاکستان کے مختلف شہروں سے انٹرنیٹ سروس کی رفتار میں کمی اور کنیکٹیویٹی متاثر ہونے کی شکایات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد پی ٹی اے نے سب میرین کیبل میں خرابی کو اس کی بنیادی وجہ قرار دیا۔

مزیدخبریں