کاراکاس: وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلوں کے بعد جاری امدادی سرگرمیوں کے دوران ایک حیران کن کامیابی سامنے آئی ہے، جہاں آٹھ روز تک ملبے تلے دبے رہنے والے ایک سکیورٹی گارڈ کو زندہ نکال لیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق 43 سالہ ہرنان گل لا گوائرا ریاست کے ساحلی علاقے کاتیا لا مار میں واقع سات منزلہ عمارت میں ڈیوٹی پر موجود تھے، جب عمارت زلزلے کے باعث زمین بوس ہوگئی اور وہ اس کے ملبے میں پھنس گئے۔
رپورٹس کے مطابق امدادی ٹیموں نے مسلسل تین دن تک انتہائی احتیاط اور مہارت کے ساتھ ریسکیو آپریشن جاری رکھا۔ طویل جدوجہد کے بعد اہلکار ہرنان گل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور انہیں بحفاظت ملبے سے باہر منتقل کر دیا۔
اس بین الاقوامی امدادی کارروائی میں وینزویلا کے علاوہ امریکا، چلی، پرتگال، کوسٹا ریکا، ایل سلواڈور اور میکسیکو سے تعلق رکھنے والے ریسکیو ماہرین نے بھی حصہ لیا۔
آپریشن کے آخری مرحلے میں دو امدادی اہلکار تقریباً تین میٹر لمبی سرنگ کے ذریعے ملبے کے اندر داخل ہوئے، جبکہ درجنوں اہلکار عمارت کی پارکنگ کے مقام پر مسلسل ملبہ ہٹاتے رہے تاکہ محفوظ راستہ بنایا جا سکے۔
ریسکیو کارروائی کے دوران متاثرہ شخص کو زندہ رکھنے کے لیے وقفے وقفے سے پانی فراہم کیا جاتا رہا، جبکہ ایک پائپ کے ذریعے اسے مسلسل آکسیجن بھی پہنچائی جاتی رہی۔
یاد رہے کہ وینزویلا میں حالیہ تباہ کن زلزلوں نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ حکام کے مطابق اس قدرتی آفت میں 2 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔