محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کےلیے وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا جھنگ کا دورہ

02:22 PM, 3 Jul, 2025

جھنگ : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے محرم الحرام کے دوران امن و امان اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جھنگ کا دورہ کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، علما کرام اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کے لیے حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جلوسوں کے مقررہ راستوں میں کوئی تبدیلی قابل قبول نہیں ہوگی اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔

وزیر اطلاعات نے تمام مسالک کے علما سے اپیل کی کہ وہ بھائی چارے، رواداری اور امن کا پیغام دیں تاکہ محرم کا مہینہ پُرامن گزرے۔

دورے کے دوران عظمیٰ بخاری نے شہر میں جلوسوں کے روٹس، روشنی، صفائی، پانی کے چھڑکاؤ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب جیسے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاملے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے سیف سٹی کے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور جلوسوں کی نگرانی کے نظام پر بریفنگ لی۔ اس کے علاوہ انہوں نے امام بارگاہ مہاجرین کا دورہ کیا اور منتظمین سے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

وزیر اطلاعات نے سوشل میڈیا پر مذہبی نفرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کی کڑی نگرانی ہو رہی ہے اور فوری کارروائی کی جائے گی۔

آخر میں انہوں نے سبیل پوائنٹس اور شہر کی صفائی ستھرائی کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں کہ محرم کے دوران عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

مزیدخبریں