اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان سیزفائر میں وزیراعظم پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے اور اس عمل کے پیچھے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی کوششیں بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس عالمی امن کوشش پر فخر ہونا چاہیے۔
یہ بات انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے علما کرام کے ساتھ اجلاس میں کہی، جہاں مختلف مکاتبِ فکر کے علما شریک تھے۔ ان کے ہمراہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ تمام مسلمانوں کے مشترکہ رہنما ہیں اور محرم کے دوران امن، اتحاد اور ہم آہنگی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے علمائے کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر مشکل وقت میں علما نے امن قائم رکھنے میں حکومت کا ساتھ دیا ہے۔
وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی میں پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، لیکن جان بوجھ کر بھارتی سویلین آبادی کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایک میزائل بھارت کے آئل ڈپو پر لگا، لیکن سویلین علاقے محفوظ رہے، جبکہ بھارت نے چار گنا زیادہ نقصان اٹھایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جن علاقوں میں دہشت گردی زیادہ ہے، وہاں امن کے لیے مقامی علمائے کرام سے بات چیت ضروری ہے۔ عوام اور مقامی برادری کی مدد کے بغیر دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ علما نے ملک بھر میں بہترین کردار ادا کیا ہے اور اب بھی دہشت گردی کے خلاف اپنا کردار مزید بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فرقہ واریت اور نفرت سے بچنا ہے اور متحد ہو کر ملک دشمنوں کا مقابلہ کرنا ہے۔
رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ بھارت نے الزام تراشی اور جارحیت کی، لیکن پاکستان نے مضبوط جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ ملک کلمے کی بنیاد پر بنا ہے، اور ہمیں اپنے اتحاد کو قائم رکھنا ہے۔"
مولانا کا اہم پیغام تھا کہ "اپنے مسلک کو چھوڑو مت، کسی کے مسلک کو چھیڑو مت۔"