محرم الحرام اہلبیتؓ رسولؐ سے عقیدت احترام اور محبت کی جذبات کے اظہار کا مہینہ ہے۔ اہلبیتؓ رسولؐ سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی جز بھی ہے جب تک کوئی مسلمان اہلبیتؓ پر ایمان نہیں رکھتا اس کا ایمان بھی مکمل نہیں ہوتا۔ اہلبیت کی دین اسلام کیلئے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ اہلبیتؓ نے دین اسلام کی سربلندی کے لیے جو قربانیاں دی ان کو تا قیامت سنہری حروف میں لکھا جائے گا اور مسلم امہ کے لیے گریا و زاری کرنے اور ان سے اپنی عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے محرم الحرام کا احترام لازم و ملزوم ہے۔ امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقا نے میدان کربلا میں دین اسلام کی خاطر جو قربانیاں دیں وہ اسلامی تاریخ کا ایک دردناک باب ہے۔ میدان کربلا میں امام حسین علیہ السلام کردار اور کربلا کا واقعہ پیش آنے کے بعد بی بی ذینب کا کردار رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔بی بی ذینب نے اپنے والد حضرت علیؓ کے لہجے میں یزید کو اسکے دربار میں للکارا اور کلمہ حق بلند کیا۔حضرت خدیجہؓ،حضرت فاطمہؓ اور حضرت ذینب ؓتمام خواتین کیلئے رول ماڈل کا درجہ رکھتی ہیں ۔شہدائے کربلا کی قربانیوں کی تعظیم میں ہر سال پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمان یوم عاشورہ کو عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔ اس سلسلے میں لاہور سمیت ملک بھر میں مجالس اورجلوس منعقد کیے جاتے اور عزاداری بھی کی جاتی ہے۔ پنجاب ایک بڑا صوبہ ہے یہاں بڑے پیمانے پر عزاداری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ محرم الحرام کے دوران پنجاب میں 38 ہزار سے زائد مجالس اور 9ہزار 200 سے زائد عزاداری کے جلوس نکالے جائیں گے۔ تمام مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ 38 ہزار رضاکار بھی سکیورٹی اداروں کی معاونت کریں گے ۔پنجاب میں مریم نواز پہلی مرتبہ وزیراعلی منتخب ہوئی انہوں نے پہلی مرتبہ محرم الحرام میں یوم عاشورہ کے موقع پر مجالس اور جلوسوں میں شامل ہونے والے عزاداروں کے لیے لنگر اور مشروبات کا انتظام کیا۔ مریم نواز کی حکومت کا یہ دوسرا سال جاری ہے اس مرتبہ یوم عاشورہ سے قبل ہی مریم نواز کی حکومت نے پنجاب میں مجالس اور جلوسوں کے لیے پیشگی انتظامات کیے ہیں ۔پنجاب کے جن علاقوں میں مجالس اور عزاداری کے جلوس برآمد ہوں گے ان علاقوں میں ترجیح بنیادوں پر سڑکوں اور گلی محلوں کی تعمیرات اور پیچ ورک کا کام پیشگی مکمل کیا گیا ہے اور یہاں بجلی کی تاروں کو بھی سمیٹنے کے قبل از وقت انتظامات کیے گئے ہیں ۔یہ بھی پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ محرم الحرام میں جلوس اور مجالس کا اہتمام کرنے والے لائسنس ہولڈر سے پولیس کے افسران اور ضلعی انتظامیہ کے افسران خود جا کر ان کے پاس ملاقاتیں کر رہے ہیں اور ان کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ محرم الحرام میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ تمام انتظامات مجالس اور جلوس کے لائسنس ہولڈر کی مشاورت سے کر رہے ہیں ہر معاملے میں ان کو مکمل آن بورڈ رکھا گیا ہے۔ پنجاب میں منعقد ہونے والی تمام مجالس اور جلوسوں کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے خصوصی طور پر ٹھنڈے پانی کی سبیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے اور جن روٹ سے عزاداری کے جلوسوں نے گزرنا ہے وہاں پانی کے ٹینکوں سے پانی کا چھڑکاؤبھی کیا جائے گا تاکہ عزاداروں کو موسم کی شدت میں کمی محسوس ہو سکے ۔ان سب اقدامات کا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو جاتا ہے جو شیعان امام حسین علیہ السلام کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ذاتی دلچسپی سے تمام اقدامات اپنی نگرانی میں کروا رہی ہے۔ آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری کا بھی اس میں اہم ترین رول ہے۔ صوبے کے دو اعلیٰ افسران مسلسل ان انتظامات کو مانیٹر کر رہے ہیں ۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھی اس معاملے میں اہم رول ادا کیا ہے ان کی محرم الحرام سے متعلق تمام تجاویز کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خوش دلی سے منظور کیا جس کے بعد اتنے بڑے پیمانے پر صوبے بھر میں محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں میں شامل ہونے والے اعزادران کے لیے اتنے بڑے انتظامات کیے گئے ہیں۔ محرم الحرام میں خصوصی طور پر شرانگیزی اور فرقہ واریت پھیلانے والوں کے لیے کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب کے ہوم ڈیپارٹمنٹ میں خصوصی طور پر ایک مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے جبکہ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی ہدایت پر ڈی جی پی آر میں بھی ایک مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے جو سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارم کی کڑی نگرانی کر رہا ہے جس کی ڈی جی پی آر غلام صغیر شاہد روزانہ کی بنیاد پر خود نگرانی کر رہے ہیں اور ڈیجیٹل میڈیا کی ٹیم سے اس حوالے سے بریفنگ بھی روزانہ کی بنیاد پر لیتے ہیں۔ بطور پاکستانی ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی تفرقے بازی ،انتشار اور نفرت پر مبنی معلومات اور پروپیگنڈے کو پھیلانے سے باز رہے اور خود کو ان چیزوں سے دور رکھیں۔ محرم الحرام اہلبیتؓ سے عقیدت اور محبت کے اظہار کا مہینہ ہے لہٰذا اس دوران کسی بھی قسم کی شر انگیزی کو پھیلانے کا باعث مت بنیں بلکہ ایک ذمہ دارشہری ہونے کا ثبوت دیں۔
محرم الحرام اورپنجاب حکومت کے انتظامات
09:37 AM, 3 Jul, 2025