آسٹریلیا کی چھٹی، انگلینڈ انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں داخل

10:36 PM, 3 Feb, 2026

بلاوائیو: تھامس ریو کی شاندار سینچری اور بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔ 27 رنز کی اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ فائنل کا ٹکٹ کٹوانے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
    انگلینڈ کا مجموعہ: 277/7 (50 اوورز)،    آسٹریلیا کا مجموعہ: 250 (48 اوورز میں آل آؤٹ) تھا۔ انگلینڈ 27 رنز سے کامیاب ہوا۔
یہ سیمی فائنل دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے درمیان سنچریوں کی جنگ ثابت ہوا۔ انگلینڈ کے کپتان تھامس ریو نے 110 رنز کی باری کھیل کر اپنی ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچایا، تو جواب میں آسٹریلوی کپتان اولیور پیک نے بھی 100 رنز بنا کر بھرپور جواب دیا، مگر وہ اپنی ٹیم کو پار لگانے میں ناکام رہے۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا ایک وقت میں مضبوط پوزیشن میں تھا، لیکن انگلینڈ کے چار بولرز (جیمز منٹو، سیباستین مورگن، رالفائے ایلبرٹ اور مینی لمسڈین) نے دو دو وکٹیں حاصل کر کے کینگروز کو میچ میں واپسی کا موقع نہ دیا۔ آسٹریلوی ٹیم 48ویں اوور میں ہمت ہار گئی۔
انگلینڈ اب فائنل میں اپنی حریف ٹیم کا انتظار کر رہا ہے جس کا فیصلہ کل بھارت اور افغانستان کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں ہو جائے گا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر افغانستان سیمی فائنل جیتتا ہے تو یہ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہوگا، جبکہ بھارت کی جیت روایتی حریفوں کے درمیان ایک بڑے ٹاکرے کی راہ ہموار کرے گی۔

مزیدخبریں