اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کو بھارت اور افغانستان کا مشترکہ ناپاک منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شکست خوردہ دشمن اب بزدلانہ پراکسی وار پر اتر آیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے واضح کیا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے عناصر دراصل افغانستان کے ایجنٹ ہیں۔ ان کے خطاب کے اہم نکات یہ ہیں۔ان کاکہنا تھاکہ بھارت براہِ راست جنگ میں ناکامی کے بعد اب افغانستان کے راستے اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں جارحیت کر رہا ہے۔
دہشت گردی کے ذریعے سٹیٹ (ریاست) کو بلیک میل کرنے کی کوشش کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔وزیر دفاع نے دہشت گردوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں کی جانے والی ہر کارروائی کا بھرپور اور عبرتناک جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا ہمیں اپنی بلوچ قوم پر پورا اعتماد ہے۔ بلوچ عوام کے تعاون سے ہم بھارت اور افغانستان کے گٹھ جوڑ کو شکست دیں گے اور ملک کے چپے چپے کا دفاع کریں گے۔
خواجہ آصف کا یہ بیان طلال چوہدری کے اس موقف کی تائید کرتا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والے واقعات کوئی "حقوق کی تحریک" نہیں بلکہ بیرونی ایجنڈے پر مبنی دہشت گردی ہے، جس کا مقصد پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔
"بھارت کی پراکسیز اور افغان ایجنٹ ریاست کو بلیک میل نہیں کر سکتے": وزیر دفاع خواجہ آصف
03:40 PM, 3 Feb, 2026