کیلیفورنیا : گزشتہ چند ماہ میں ایپل کے فولڈ ایبل آئی فون کے حوالے سے کئی افواہیں اور رپورٹس سامنے آئی ہیں، اور اب ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل ایک فلپ اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون پر بھی کام کر رہا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل نے فلپ فولڈ آئی فون کے مختلف ماڈلز پر کام شروع کر دیا ہے، لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں کہ یہ فون کب متعارف کرایا جائے گا یا آیا یہ صارفین تک پہنچے گا بھی یا نہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایپل پہلے اپنے بک اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون کو لانچ کرے گا تاکہ صارفین کے ردعمل کا جائزہ لیا جا سکے، پھر اسی کے بعد فلپ ماڈل پر فیصلہ کیا جائے گا۔
فلپ فولڈ آئی فون کی تیاری کی خبریں پہلے بھی سامنے آ چکی تھیں اور سابقہ رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ایپل کے پاس کم از کم دو پروٹوٹائپ ورژنز موجود ہیں۔ ابتدا میں یہ کہا جا رہا تھا کہ ایپل فلپ اسٹائل فولڈ آئی فون کو پہلے لانچ کرے گا، لیکن بعد میں اس منصوبے کو تبدیل کر لیا گیا۔
اگرچہ ایپل کا فولڈ ایبل آئی فون ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، لیکن یہ توقع کی جا رہی ہے کہ ستمبر میں ایپل اپنے فولڈ ایبل آئی فون کی پہلی ورژن متعارف کرائے گا۔