انسٹاگرام کا نیا فیچر: اب صارفین خود کو کلوز فرینڈز لسٹ سے نکال سکیں گے

04:30 PM, 3 Feb, 2026

کیلیفورنیا : انسٹاگرام ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین خود کو کسی دوسرے شخص کی "کلوز فرینڈز" لسٹ سے نکال سکیں گے۔ میٹا نے اس فیچر کی تیاری کی تصدیق کی ہے، مگر یہ فیچر ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور صارفین کے لیے آزمائش کے طور پر بھی دستیاب نہیں۔

انسٹاگرام کا "کلوز فرینڈز" فیچر 2018 میں متعارف کرایا گیا تھا، جس کے ذریعے صارفین اپنی اسٹوریز، ریلز اور پوسٹس کو صرف منتخب افراد کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔ لیکن اب تک صارفین کو یہ اختیار نہیں تھا کہ وہ کسی اور کی کلوز فرینڈز لسٹ سے خود کو نکال سکیں۔

یہ فیچر سب سے پہلے ایکس (سابق ٹوئٹر) کے معروف صارف الیسنڈرو پلوزی نے رپورٹ کیا، جنہوں نے اس فیچر کے بارے میں اسکرین شاٹس شیئر کیے۔ ان اسکرین شاٹس سے یہ بات سامنے آئی کہ جب کوئی شخص کسی کی کلوز فرینڈز لسٹ سے نکلے گا، تو میٹا انہیں انتباہ دے گا کہ اب وہ اس دوست کے شیئر کردہ مواد کو نہیں دیکھ پائیں گے، جب تک کہ وہ دوبارہ فہرست میں شامل نہ کر لیا جائے۔

اگرچہ کچھ افراد کو یہ پسند نہیں آئے گا کہ کوئی ان کی بنائی ہوئی کلوز فرینڈز لسٹ سے باہر نکل جائے، یہ فیچر ان لوگوں کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے جو کسی مخصوص فرد کی لسٹ کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔

یہ فیچر اسنیپ چیٹ میں پہلے سے موجود ہے اور اب میٹا اسے انسٹاگرام پر بھی متعارف کرانے جا رہا ہے۔ ابھی چونکہ یہ فیچر ابتدائی مراحل میں ہے، اس لیے اس کے تمام صارفین تک پہنچنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

مزیدخبریں