تہران : ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے حالیہ ملک میں ہونے والے فسادات کو امریکا اور اسرائیل کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے اس سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ یہ محض الزام نہیں بلکہ امریکی صدر کے بیانات خود اس بات کا ثبوت ہیں، جنہوں نے فسادیوں کو مدد کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا، "آگے بڑھتے رہو، میں تمہاری مدد کے لیے آ رہا ہوں۔"
سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ یہ فسادات دراصل ایک بغاوت کی کوشش تھی، جسے بیرون ملک سے کنٹرول کیا جا رہا تھا، اور اس میں سی آئی اے اور موساد نے اپنے تمام وسائل استعمال کیے تاکہ اس بغاوت کو ہوا دی جا سکے، لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران عالمی طاقتوں کے مفادات کے خلاف کھڑا ہے، اس لیے یہ کہنا کہ حالیہ فسادات آخری ہوں گے، درست نہیں ہے۔ یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک دشمن مکمل طور پر مایوس نہیں ہو جاتا، اور ایرانی قوم یقیناً اس جدوجہد میں کامیاب ہو کر رہے گی۔
انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ دکانداروں اور تاجروں کے کچھ مطالبات جائز تھے، مگر فسادی عناصر نے پُرامن احتجاج کو پُرتشدد بنانے کی کوشش کی۔ تاہم جب دکانداروں نے صورت حال کو سمجھا، تو انہوں نے فسادیوں سے اپنے آپ کو الگ کر لیا۔
آخر میں، آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی قوم کی بیداری اور اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ثابت ہو گیا ہے کہ دشمن کبھی بھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔