نیپا چورنگی حادثہ: ، وزیراعلیٰ سندھ کا فوری ایکشن،5 افسران معطل

08:13 PM, 3 Dec, 2025

کراچی: نیپا چورنگی پر کھلے مین ہول میں گر کر 3 سالہ بچے کے جاں بحق ہونے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے 5 متعلقہ افسران کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

سانحے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا، کے ایم سی کے اعلیٰ حکام، ٹاؤن انتظامیہ، ریونیو افسران اور پولیس حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ میں غفلت اور لاپرواہی واضح ہونے پر فوری معطلی کے احکامات جاری کیے گئے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک معصوم بچے کی جان ضائع ہونا انتہائی افسوسناک ہے، اور اس واقعے کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ادارہ یا افسر اپنی کوتاہی دوسروں پر نہ ڈالے، غفلت ثابت ہونے پر سخت کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ ذمہ دار افسران کے خلاف آج ہی مزید تادیبی کارروائی شروع کی جائے، تاکہ آئندہ اس نوعیت کی غفلت دوبارہ جنم نہ لے۔

مزیدخبریں