پاکستان۔۔۔ترکیہ توانائی تعاون میں بڑی پیش رفت، سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کا معاہدہ طے

03:14 PM, 3 Dec, 2025

کراچی :پاکستان کی معیشت کے لیے تیل و گیس کے شعبے سے ایک اور مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان اور ترکیہ نے سمندر میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی تلاش کے لیے اہم معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط میں بتایا کہ معاہدے کے تحت ایسٹرن آف شور انڈس بلاک سی میں مشترکہ طور پر تیل و گیس کی تلاش کی جائے گی، جو دونوں ممالک کے درمیان توانائی تعاون کا نیا باب ثابت ہوگا۔

خط کے مطابق پی پی ایل نے اپنے 25 فیصد شراکتی حصے اور آپریٹرشپ کو ترکیہ کی پیٹرولیم اوورسیز کے حوالے کر دیا ہے۔ اس منصوبے میں او جی ڈی سی ایل اور ماری انرجیز بھی اہم شراکت دار ہیں، جن کا حصہ 20، 20 فیصد ہوگا۔

پی پی ایل نے واضح کیا کہ وہ منصوبے میں اپنی 35 فیصد ملکیت برقرار رکھے گا۔ کمپنی کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان کے سمندری ذخائر میں تیل و گیس کی تلاش کے سلسلے میں ایک بنیادی قدم ہے۔

پی پی ایل کا کہنا ہے کہ یہ شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی توانائی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گی اور مستقبل میں وسیع تر معاشی مواقع پیدا کرے گی۔

مزیدخبریں