نیپا چورنگی میں کھلا مین ہول سانحہ۔۔۔معصوم بچے کی گرنے کی ویڈیو منظر عام پر

03:09 PM, 3 Dec, 2025

کراچی:کراچی کے علاقے نیپا چورنگی میں کھلے مین ہول میں گر کر 3 سالہ ابراہیم کی ہلاکت کے دلخراش واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، جس نے حفاظتی انتظامات کی شدید کمی کو بے نقاب کر دیا۔

فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اتوار کی شب ابراہیم اپنی والدہ کے ساتھ ایک نجی ڈپارٹمنٹل اسٹور سے باہر نکلتا ہے۔ سٹور سے متصل پارکنگ ایریا میں چند قدم کے فاصلے پر کھلا مین ہول موجود تھا۔ بچہ بھاگتے ہوئے اپنے والد کی طرف لپکا اور اچانک گہرے مین ہول میں جا گرا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مین ہول کے گرد نہ کوئی باڑ، رکاوٹ یا حفاظتی علامت نصب تھی، جس کے باعث حادثہ رونما ہوا۔ بچے کے گرنے پر اس کی والدہ نے مدد کے لیے پکارا، جس پر آس پاس موجود لوگ جمع ہو گئے اور گٹر کے قریب کھڑے ہو کر تلاش شروع کر دی، مگر بروقت بچاؤ ممکن نہ ہو سکا۔

اہلِ محلہ اور اہلخانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت پوری رات مشینری منگوا کر تلاش جاری رکھی، تاہم پیر کی صبح تقریباً 14 گھنٹے بعد بچے کی لاش جائے حادثہ سے ایک کلومیٹر دور نالے سے برآمد ہوئی۔

مزیدخبریں