این ڈی ایم اے نے پاک فوج کی ایلیٹ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم سری لنکا روانہ کردی

12:10 PM, 3 Dec, 2025

اسلام آباد : پاکستان نے سری لنکا میں حالیہ طوفان کی تباہی کے بعد امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ سری لنکا کی حکومت کی امداد کی اپیل پر، وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے آج صبح پاک فوج کی ایلیٹ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم سری لنکا روانہ کی ہے۔

پاکستان ایئر فورس کا C-130 طیارہ 47 رکنی امدادی ٹیم اور 6.5 ٹن ضروری سامان کے ساتھ روانہ ہوا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں فوری امداد پہنچائی جا سکے۔ اس سامان میں فیملی ٹینٹس، کمبل، لحاف، لائف جیکٹس، کشتیاں، پانی نکالنے والے پمپس، لیمپ، چٹائیاں، مچھر دانی، بچوں کا خشک دودھ اور ضروری ادویات شامل ہیں۔

اس کے علاوہ، این ڈی ایم اے نے کولمبو اور لاہور کے درمیان سری لنکن ایئر لائنز کے ذریعے بھی امدادی سامان بھیجنے کا انتظام کیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر 200 ٹن امدادی سامان سمندری راستے سے بھی سری لنکا بھیجا گیا تھا، اور پاک بحریہ کے جہاز اور ہیلی کاپٹر پہلے ہی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

سری لنکا کے صدر کی خصوصی درخواست پر، پاک فوج عارضی پل بھی متاثرہ علاقوں میں بھیج رہی ہے تاکہ امدادی سرگرمیوں کی رسائی میں آسانی ہو۔ این ڈی ایم اے نے اعلان کیا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے دوست ملک سری لنکا کے عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور علاقائی یکجہتی کے عزم کے تحت ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

مزیدخبریں