دنیا میں بڑھتے ہوئے تنازعات عالمی امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں ، اسحاق ڈار

10:59 AM, 3 Dec, 2025

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دنیا میں بڑھتے ہوئے تنازعات عالمی امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ہی امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے موسمیاتی تبدیلی کو ایک سنگین چیلنج قرار دیا اور کہا کہ عالمی معیشت تیزی سے بدل رہی ہے۔

اسحاق ڈار نے اسرائیل کے فلسطین اور غزہ میں کیے گئے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تنازعات کے حل کے لیے ہمیشہ سفارتکاری کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کو غربت، ناخواندگی اور قدرتی آفات جیسے مسائل کا سامنا ہے، اور موسمیاتی تبدیلی اور غذائی قلت کے مسائل خطے میں تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق، درجہ حرارت میں اضافہ اور سیلابوں کی شدت سے معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ جنوبی ایشیا کا سکیورٹی منظر نامہ پیچیدہ ہے اور مئی میں پاک بھارت جنگ کا خطرہ موجود تھا، خاص طور پر بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے اعلان کے بعد۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہونے کے باعث خطے کا امن ابھی بھی خطرے میں ہے۔

اسحاق ڈار نے آخر میں کہا کہ جنوبی ایشیا دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا خطہ ہے، اور اس کے ممالک کو اپنے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی مشترکہ خوشحالی کے لیے علاقائی روابط اور تعاون بہت ضروری ہیں۔

مزیدخبریں