میں نے 8 جنگیں رکوائیں، روس-یوکرین جنگ بھی جلد ختم ہوگی ، ٹرمپ کا دعویٰ

10:34 AM, 3 Dec, 2025

واشنگٹن :  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے اپنی صدارت کے دوران 8 جنگوں کو روکا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ روس-یوکرین جنگ کو بھی ختم کراتے ہیں تو انہیں نوبل امن انعام ملنا چاہیے، کیونکہ ان کے مطابق انہوں نے عالمی سطح پر متعدد جنگوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے کابینہ اجلاس میں کہا، "میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی اور 9 ماہ کے اندر 8 جنگیں رکوائیں۔ اب صرف ایک جنگ باقی ہے، اور مجھے امید ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ بھی جلد ختم ہو جائے گی۔" انہوں نے مزید کہا کہ جنگوں میں ہونے والی انسانی ہلاکتوں پر انہیں گہری تشویش ہے، خاص طور پر روس-یوکرین جنگ میں گزشتہ ماہ 27 ہزار افراد کی ہلاکت پر۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ نوبل انعام کے لیے لالچی نہیں ہیں، لیکن ان کے مطابق انہوں نے عالمی امن کے لیے جو کوششیں کی ہیں، وہ اس کا حقدار ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نوبل انعام حاصل کرنے والی ایک معروف خاتون نے بھی انہیں امن کا حقدار قرار دیا تھا۔

معاشی حوالے سے، ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میں گزشتہ دس ماہ میں 18 ٹریلین ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی ہے، اور ملک کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ ان کے مطابق، انہوں نے دوائیوں کی قیمتوں میں کمی کی اور اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی آئی ہے۔

انہوں نے اپنے کابینہ ارکان کو ہدایت دی کہ وہ ملک کی سلامتی اور معاشی ترقی پر زیادہ توجہ دیں تاکہ امریکا عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر سکے۔

مزیدخبریں