پنجاب حکومت کا بسنت منانے کا فیصلہ، نئے آرڈیننس کا نفاذ

10:18 AM, 3 Dec, 2025

لاہور : پنجاب حکومت نے بسنت منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت پنجاب حکومت نے "کائٹ فلائینگ آرڈیننس 2025" جاری کر دیا ہے، جس میں پتنگ بازی کو مخصوص قواعد کے تحت قانونی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

اس آرڈیننس کے مطابق، اب پتنگ بازی کے لیے ڈپٹی کمشنرز کی اجازت ضروری ہوگی۔ اس کے علاوہ، پتنگ بنانے اور فروخت کرنے کے لیے رجسٹریشن کرانا لازم ہوگا، اور پتنگ بازی کرنے والی تنظیموں کو بھی رجسٹر کروانا پڑے گا۔ اس کے ساتھ ہی 2001 میں لگائی گئی پتنگ بازی کی پابندی کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

آرڈیننس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت اور ڈپٹی کمشنرز مخصوص جگہوں، دنوں اور وقتوں میں اور غیر خطرناک مواد کے ساتھ پتنگ بازی کی اجازت دے سکتے ہیں، مگر "غیر خطرناک مواد" کی وضاحت نہیں کی گئی، جس پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

پولیس کو بھی نئے آرڈیننس کے تحت زیادہ اختیارات دیے گئے ہیں۔ سب انسپکٹر رینک کے پولیس افسران اب بغیر وارنٹ کے گرفتاری کر سکیں گے اور کسی بھی جگہ پر سرچ کر کے ممنوعہ سامان ضبط کرنے کا اختیار بھی ہوگا۔ اس کے علاوہ، حکومت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی ادارے یا ایجنسی کو یہ اختیارات دے سکے۔

مزیدخبریں