دوسرے ٹیسٹ کا پہلا دن، ویسٹ انڈیز کے 5 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز

09:07 AM, 3 Aug, 2026

 ٹوباگو: پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری مقابلے کے پہلے دن ویسٹ انڈیز نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنا کر مضبوط پوزیشن حاصل کر لی۔

میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم بارش کے باعث کھیل کا آغاز تاخیر سے ہوا اور ابتدائی سیشن بھی متاثر رہا۔ پاکستان کو پہلی کامیابی تیج نرائن چندرپال کی وکٹ کی صورت میں ملی، جو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں برینڈن کنگ (46)، کیوم ہوج (10)، عامر جنگو (26) اور شائے ہوپ (29) بھی پویلین لوٹ گئے، جبکہ جسٹن گریوز اور کپتان روسٹن چیز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان اہم شراکت قائم ہوئی، جس کے بعد خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل مقررہ وقت سے قبل ختم کر دیا گیا۔

دن کے اختتام پر جسٹن گریوز 64 اور روسٹن چیز 36 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔

پاکستان کی جانب سے محمد علی نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ساجد خان، ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے عبید شاہ اور علی عثمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے، کیونکہ اس نے ابتدائی ٹیسٹ میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست دی تھی۔

مزیدخبریں