شاہین آفریدی لنکا پریمیئر لیگ چھوڑ کر وطن واپس آگئے

08:19 AM, 3 Aug, 2026

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ذاتی مصروفیات کی وجہ سے لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کو عارضی طور پر چھوڑتے ہوئے پاکستان واپسی اختیار کر لی ہے۔

رپورٹس کے مطابق، ٹورنامنٹ کے دوران کینڈی رائلز اور شاہین شاہ آفریدی کے درمیان ایک میچ میں ٹیم سلیکشن سے متعلق معاملہ سامنے آیا تھا۔ کولمبو کیپٹلز کے خلاف میچ میں انہیں امپیکٹ پلیئر کے طور پر میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا، لیکن آفیشل ٹیم لسٹ میں ان کا نام درج نہیں کیا گیا، جس پر انہوں نے تحفظات کا اظہار کیا۔

بعد ازاں فرنچائز انتظامیہ نے اس غلطی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی سے معذرت کی۔ انتظامیہ کا مؤقف تھا کہ ٹیم اینالسٹ کی جانب سے ہونے والی تکنیکی کوتاہی کے باعث ان کا نام فہرست میں شامل نہیں ہو سکا۔

معاملہ حل ہونے کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے ٹورنامنٹ میں ٹیم کی نمائندگی جاری رکھی۔ انہوں نے مجموعی طور پر 6 میچز میں شرکت کی اور 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کینڈی رائلز پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو شاہین شاہ آفریدی دوبارہ سری لنکا جا کر ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

مزیدخبریں