لاہور : لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش نے شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع کر دیا ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو فوری طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف حصوں جیسے مال روڈ، ہال روڈ، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، مزنگ، قرطبہ چوک، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، کینال روڈ، ملتان روڈ، چوبرجی، سمن آباد اور گلبرگ میں بارش نے گرمی اور حبس کی شدت کم کر دی ہے۔
ایئرپورٹ پر 31 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ پانی والا تالاب میں 20 ملی میٹر، گلبرگ میں 10، لکشمی چوک میں 6.4، اور مغلپورہ میں 5.1 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ دیگر علاقوں میں بھی کہیں کم اور کہیں زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے تاکہ فوری طور پر صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چار اگست سے ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون کی تیز بارشیں، تیز ہوائیں اور گرج چمک کا سلسلہ شروع ہوگا، جو پہلے سے جاری سیلابی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔ ملک کے شمالی اور وسطی حصوں میں موجود کمزور مون سون کی ہوائیں چار اگست سے طاقتور ہونے کا امکان ہے، جبکہ پانچ اگست تک ایک مغربی ہوا کا سلسلہ بھی مضبوط ہو جائے گا جو بارشوں کو بڑھانے میں مدد دے گا۔