حماس کا واضح اعلان: فلسطینی ریاست کے قیام تک ہتھیار نہیں ڈالیں گے

11:33 AM, 3 Aug, 2025

غزہ: فلسطینی مسلح تنظیم حماس نے صاف لفظوں میں کہا ہے کہ وہ تب تک اپنے ہتھیار نہیں ڈالے گی جب تک کہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام نہ ہو جائے جس کا دارالحکومت یروشلم ہو۔ یہ بیان امریکی صدر کے مشرقِ وسطیٰ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف کے اس دعوے کے جواب میں دیا گیا ہے کہ حماس نے ہتھیار ڈالنے کی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

حماس کا موقف ہے کہ فلسطینیوں کا مزاحمتی حق برقرار رہے گا اور وہ اپنی مسلح جدوجہد جاری رکھے گا جب تک کہ فلسطینی ریاست مکمل طور پر آزاد اور خودمختار نہ بن جائے۔

یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل اور بعض عرب ممالک حماس پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ غزہ کا کنٹرول چھوڑ دے اور غیر مسلح ہو جائے۔ اسرائیل نے اپنی شرائط میں حماس کی غیر مسلح حالت کو مذاکرات کا لازمی جزو قرار دیا ہے۔

گذشتہ دنوں اسرائیل اور حماس کے درمیان یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کے لیے مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب کئی مغربی ممالک بشمول فرانس اور کینیڈا نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ برطانیہ نے بھی کہا ہے کہ اگر اسرائیل ستمبر تک ضروری شرائط پوری نہیں کرتا تو وہ بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لے گا۔

مزیدخبریں