پنجاب میں  گرج چمک کے ساتھ بارش؛ گرمی کا زور ٹوٹ گیا، فصلوں کے حوالے سے الرٹ جاری

06:58 PM, 3 Apr, 2026

لاہور :پنجاب کے طول و عرض میں موسم کی صورتحال یکسر تبدیل ہو گئی ہے۔ لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں آندھی نے تباہی مچائی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں گرج چمک کے ساتھ بارش نے موسم کو ٹھنڈا کر دیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں دن بھر بادلوں اور ٹھنڈی ہواؤں کا راج رہا، جہاں مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ جنوبی و وسطی پنجاب کے شہروں پتوکی، حجرہ شاہ مقیم، سرگودھا، احمد پور شرقیہ اور بہاولپور میں بھی ابرِ رحمت برسنے سے گرمی کی لہر دم توڑ گئی۔
 منچن آباد میں موسم کی شدت دیگر علاقوں کی نسبت زیادہ دیکھی گئی۔ وہاں چلنے والی تیز آندھی اور موسلا دھار بارش کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور بجلی کی فراہمی میں بھی تعطل پیدا ہوا۔ محکمہ موسمیات نے جہاں مزید بارشوں کی نوید سنائی ہے، وہیں کسانوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بھی بجا دی ہے۔ ماہرین کے مطابق پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں کھڑی فصلیں اس وقت حساس مرحلے میں ہیں، اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش ان فصلوں کو گرانے اور پیداوار متاثر کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں اور کسان اپنی فصلوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

مزیدخبریں