اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا دفاع کرتے ہوئے اسے خالصتاً عالمی جنگی صورتحال کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی ایجنڈے کے تحت عوام کو اکسانے کے بجائے حقائق کا ادراک کیا جائے۔
رانا ثناء اللہ نے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران عالمی منظرنامے پر روشنی ڈالی۔ ایران پر حملوں کے باعث دنیا کو توانائی کے بدترین چیلنج کا سامنا ہے، جس نے عالمی سپلائی چین کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کئی ممالک میں پٹرول نایاب ہو چکا ہے اور لوگ لمبی لائنوں میں لگے ہیں، جبکہ پاکستان میں حکومت سپلائی برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔
رانا ثناء اللہ کے مطابق، حکومت قیمتوں کا بوجھ خود اٹھا کر ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف دے رہی ہے۔حکومت کے خلاف احتجاج کی کال دینے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہااگر احتجاج کرنا ہی ہے تو اس اسرائیل کے خلاف کریں جس کی وجہ سے عالمی امن تباہ ہوا۔ سیاسی ایجنڈے کے تحت حکومت کے خلاف پروپیگنڈا بند کیا جائے، کچھ لوگ صورتحال کا فائدہ اٹھا کر اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر نے آنے والے وقت کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا پاکستان عالمی سطح پر جنگ ختم کرانے کے لیے سرگرم ہے کیونکہ اس کے بغیر معاشی استحکام مشکل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر عالمی کشیدگی برقرار رہی تو خدشہ ہے کہ آئندہ اس سے بھی زیادہ مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
رانا ثناء اللہ کا بیان اس حکومتی بیانیے کی عکاسی کرتا ہے جس میں مہنگائی کا ذمہ دار ملکی پالیسیوں کے بجائے بیرونی عوامل (خصوصاً مشرقِ وسطیٰ کی جنگ) کو قرار دیا جا رہا ہے، تاکہ عوامی غیظ و غضب کا رخ موڑا جا سکے۔
"مہنگائی میں حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں، احتجاج کرنا ہے تو اسرائیل کے خلاف کریں": رانا ثناء اللہ کا دوٹوک موقف
05:39 PM, 3 Apr, 2026