کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے عوام بالخصوص متوسط طبقے کے لیے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت نے موٹر سائیکل سواروں کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے بچانے کے لیے براہِ راست مالی معاونت فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے اعلان کردہ مراعات کی تفصیل درج ذیل ہے۔ ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالک کو 2 ہزار روپے ماہانہ نقد فراہم کیے جائیں گے۔ امدادی رقم کی فراہمی کا آغاز اسی ماہ سے کر دیا جائے گا تاکہ عوام کو فوری ریلیف ملے۔ شہریوں کو اپنی گاڑیاں قانونی طور پر منتقل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے موٹر سائیکل کی ٹرانسفر فیس ختم کر دی گئی ہے۔
مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، لیکن وفاقی حکومت نے گزشتہ تین ہفتوں سے قیمتیں نہ بڑھا کر عوام کو تحفظ فراہم کیا ہے۔ خطے میں جنگ کی نحوست ختم کرنے کے لیے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سندھ حکومت اپنی محدود وسائل کے باوجود عام آدمی کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ سبسڈی کی تقسیم کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام وضع کیا جائے گا تاکہ حقدار محروم نہ رہے۔
سندھ بھر میں موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 2 ہزار روپے ریلیف دینے کا فیصلہ، ادائیگی اسی ماہ سے شروع
03:23 PM, 3 Apr, 2026