توانائی کی بچت کے لیے بڑا قدم، ملک بھر میں دکانیں جلد بند کرنے کا فیصلہ

09:10 AM, 3 Apr, 2026

اسلام آباد : وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں توانائی کے بحران کی سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے ملک گیر سطح پر مارکیٹیں اور تجارتی مراکز رات 8 بجے بند کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ اس ہنگامی اجلاس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی اور توانائی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ بجلی کے بڑھتے ہوئے شارٹ فال اور مہنگے درآمدی ایندھن کے باعث معیشت پر بوجھ بڑھ رہا ہے، جس کے لیے سخت فیصلوں کی ضرورت ہے۔
 اجلاس میں طے پایا کہ توانائی کی بچت کے لیے کاروباری اوقات کو محدود کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔رات 8 بجے مارکیٹیں بند کرنے سے حکومت کو ایندھن کی درآمد پر خرچ ہونے والے کروڑوں ڈالر بچانے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز اور صوبائی حکومتوں سے رابطہ کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ اس فیصلے پر بلا امتیاز عملدرآمد ممکن ہو سکے۔
اجلاس میں انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ تاجر برادری سے مذاکرات کریں تاکہ انہیں قومی مفاد میں لیے گئے اس فیصلے پر قائل کیا جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق جلد ہی ملک بھر میں کر دیا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

مزیدخبریں