اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 3 ستمبر کے موسم کے حوالے سے نئی پیشگوئی جاری کردی۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی اور بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 3 سے 6 ستمبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش بھی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پیشگوئی کے مطابق 4 اور 5 ستمبر کو اسلام آباد اور پوٹھوہار کے خطے میں بارش کا سلسلہ زیادہ فعال ہوسکتا ہے۔ اس دوران بعض علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
موسم کا یہ نظام لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، چکوال، اٹک، نارووال، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، وزیرآباد اور حافظ آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں کو بھی متاثر کرسکتا ہے، جہاں 3 سے 5 ستمبر کے دوران بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بھی بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 3 ستمبر کی شام سے 5 ستمبر تک بارش، جھکڑ اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر تیز بارش ہوسکتی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 3 سے 6 ستمبر کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ممکنہ نقصانات کے حوالے سے بھی خبردار کیا ہے۔ شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔