پی ایس ایکس مسلسل تیسرے روز مندی کا شکار، 100 انڈیکس میں 1690 پوائنٹس کی کمی

09:17 PM, 2 Sep, 2026

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا دباؤ تیسرے روز بھی برقرار رہا۔ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، امریکا میں شرح سود بڑھنے کے خدشات اور عالمی حصص و بانڈ مارکیٹوں میں جاری کمزوری نے ملکی اسٹاک مارکیٹ کو بھی متاثر کیا۔

کاروباری سیشن کا آغاز ہی منفی رجحان کے ساتھ ہوا اور دن بھر مارکیٹ میں اتار کا سلسلہ جاری رہا۔ ٹریڈنگ ختم ہونے پر 100 انڈیکس 1690 پوائنٹس گر کر ایک لاکھ 74 ہزار 776 پوائنٹس پر آ گیا۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا کی ممکنہ شرح سود میں اضافے کی توقعات کے باعث عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہوا ہے۔ یورپ، امریکا اور جاپان کی بانڈ مارکیٹوں میں بھی قیمتوں میں کمی دیکھی جارہی ہے، جبکہ عالمی مالیاتی غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستانی سرمایہ کار بھی نئی سرمایہ کاری میں محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق کاروباری دن کے دوران 61 کروڑ حصص کے سودے ہوئے، جن کی مجموعی مالیت 41 ارب روپے رہی۔ مندی کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن بھی 200 ارب روپے گھٹ گئی اور 19 ہزار 581 ارب روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

مزیدخبریں