پاک کرغز دوستی کا اظہار،کرغز صدر کا شہباز شریف کو منفرد الوداع

03:53 PM, 2 Sep, 2026

بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف کا دورۂ کرغزستان مکمل ہوگیا۔ دورے کے اختتام پر کرغزستان کے صدر صدار ژاپاروف نے غیر معمولی مہمان نوازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود گاڑی چلا کر وزیراعظم شہباز شریف کو ایئرپورٹ پہنچایا اور انہیں الوداع کیا۔

کرغز صدر کی جانب سے وزیراعظم کے لیے اختیار کیا گیا یہ منفرد انداز دونوں ممالک کے درمیان موجود قریبی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ صدر ژاپاروف کی مثالی میزبانی کو پاک کرغز تعلقات میں باہمی احترام اور گرمجوشی کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور کرغز قیادت کے درمیان اہم ملاقاتیں ہوئیں، جبکہ دونوں ممالک نے تجارت، ٹرانزٹ، تعلیم، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ بھی ہوا، جبکہ دوطرفہ تجارت کے حجم میں نمایاں اضافے کے لیے عملی اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ کرغزستان کو پاک کرغز تعلقات کے فروغ اور دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں