راولپنڈی میں موبائل لائسنس وین کا شیڈول جاری، شہریوں کو دہلیز پر سہولت میسر

06:48 PM, 2 Sep, 2025

راولپنڈی: راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کو مزید سہل بنانے کے لیے موبائل لائسنس وین کے رواں ہفتے کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ مہم 2 ستمبر سے 7 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کا مقصد عوام کو ان کے قریبی علاقوں میں لائسنس کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق، موبائل وین 2 ستمبر بروز منگل کو تحصیل کلرسیداں کے گاؤں سکوٹ میں خدمات فراہم کرے گی، جبکہ 3 ستمبر بروز بدھ یہ وین گوجر خان کی یونین کونسل کُڑی دوال میں موجود ہوگی۔

4 ستمبر کو شہریوں کو راجہ بازار فوارہ چوک کے قریب یہ سہولت میسر ہوگی۔ 5 ستمبر کو موبائل وین دھمیال کیمپ کے علاقے جھاواڑہ پکیٹ میں تعینات رہے گی تاکہ مقامی رہائشیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت دی جا سکے۔

6 ستمبر کو پرانا ایئرپورٹ روڈ، گلزار قائد میں وین اپنی خدمات دے گی، جبکہ 7 ستمبر بروز اتوار صدر کے علاقے اولڈ وارن ڈپو کے قریب موبائل وین موجود ہوگی۔ اس روز خصوصی طور پر رکشہ ڈرائیوروں کے لیے سہولت رکھی گئی ہے۔

حکام کے مطابق، موبائل لائسنس وین کا بنیادی مقصد شہریوں کو ان کے گھر کے قریب لائسنس کے اجرا کی سہولت دینا ہے تاکہ انہیں ٹریفک دفاتر میں لمبی قطاروں اور غیر ضروری وقت ضائع کرنے سے بچایا جا سکے۔

مزیدخبریں