پنجاب میں تباہ کن سیلاب، 24 لاکھ سے زائد افراد متاثر، 41 جاں بحق ، پی ڈی ایم اے

12:28 PM, 2 Sep, 2025

لاہور : پنجاب بھر میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث لاکھوں افراد متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ مختلف حادثات میں اب تک 41 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق 26 اگست سے شروع ہونے والی اس تباہی نے 3,200 سے زائد دیہات کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ دریاؤں میں پانی کی سطح اب بھی خطرناک حد تک بلند ہے۔ شہری علاقوں کو بچانے کے لیے بعض جگہوں پر بندوں میں شگاف ڈالنے کا بھی امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مسلسل پانی چھوڑا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے پانی کے بہاؤ میں کوئی کمی نہیں آئی۔ پانی بہاولپور اور بہاولنگر کے علاقوں میں داخل ہو چکا ہے، جبکہ ہیڈ محمد والا اور ہیڈ سدھانی جیسے مقامات پر بند توڑنے کی نوبت آ سکتی ہے۔

سیلاب کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں کیونکہ کئی علاقوں میں بارشیں اب بھی جاری ہیں۔ متاثرہ افراد کی تعداد 24 لاکھ 52 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، اور مختلف علاقوں میں 395 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق 5 ستمبر تک ایک اور بڑا ریلا پنجند کے مقام پر پہنچنے کا امکان ہے، جس سے صورتِ حال مزید بگڑ سکتی ہے۔

مزیدخبریں