5 ستمبر تک راوی، ستلج اور چناب میں شدید سیلاب کا خدشہ ہ

01:15 PM, 2 Sep, 2025

لاہور: پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب کی شدت برقرار ہے اور 5 ستمبر تک راوی، ستلج اور چناب میں شدید سیلاب کا خدشہ ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب کے تریموں، دریائے راوی کے بلوکی اور سدھنائی اور دریائے ستلج کے ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 16 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے اور مسلسل بڑھ رہا ہے۔

ریلیف کمشنر نے بتایا کہ بارشوں کی وجہ سے بالائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے سیلاب کا خطرہ مزید بڑھ جائے گا۔

تربیلا ڈیم مکمل بھر چکا ہے جبکہ منگلا ڈیم 83 فیصد بھر چکا ہے۔ تربیلا کا پانی کا لیول 1549.78 فٹ اور منگلا کا 1226.50 فٹ ہے۔ راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751.70 فٹ تک پہنچنے پر اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔

قومی آفت انتظامیہ نے کہا کہ راول ڈیم کے اسپل ویز صبح 7 بجے کھولے گئے اور متعلقہ اداروں کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کورنگ نالہ میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے عارضی پل عبور کرنے سے گریز کریں۔

مزیدخبریں