وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کی اہم ملاقات

11:40 AM, 2 Sep, 2025

بیجنگ : بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور سی پیک کے اگلے مرحلے پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے صدر شی کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی کامیابی اور فسطائیت کے خلاف جنگ میں فتح کی 80ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔ انہوں نے چین کی ترقی کو صدر شی کی قیادت کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی دوستی کو مضبوط رکھنے کا خواہاں ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ چین جنوبی ایشیا میں امن کے لیے مذاکرات کی قیادت کرے، کیونکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی میں بیرونی مداخلت ہے۔ انہوں نے سی پیک کے ذریعے توانائی، بندرگاہوں، اور زرعی شعبے میں تعاون کو اہم قرار دیا۔

چینی صدر نے یقین دلایا کہ چین سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کی مکمل مدد کرے گا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چینی منصوبوں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا ہوگا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان نے چینی صدر کو 2026 میں پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ پر سرکاری دورے کی دعوت دی، جسے صدر شی نے قبول کرلیا۔

اسی دوران وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان اور ایران کے صدور سے بھی ملاقاتیں کیں، جہاں امن اور باہمی تعاون پر بات ہوئی۔

مزیدخبریں