سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا، احسن اقبال

11:55 AM, 2 Sep, 2025

تیانجن : وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کا دائرہ مزید وسیع ہو رہا ہے، جو دونوں ممالک کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔

یہ بات انہوں نے چین کے شہر تیانجن میں دورے کے دوران کہی، جہاں انہوں نے سولر انرجی کے ایک جدید خودکار پلانٹ ہوان شینگ نیو انرجی کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پلانٹ چوتھے صنعتی انقلاب کی نمائندگی کرتا ہے، اور پاکستان بھی اسی طرز کے منصوبوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ قابل تجدید توانائی، بندرگاہوں کی ترقی، لائیو اسٹاک اور زرعی ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں بے پناہ مواقع لے کر آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان زرعی شعبے میں بہتری کے لیے چین کی مدد سے بائیوٹیکنالوجی میں تعاون بڑھا رہا ہے، تاکہ خوراک اور معیشت دونوں میں بہتری لائی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے جانوروں کی ویکسین تیار کرنے والی ایک چینی کمپنی کا دورہ بھی کیا، اور پاکستان میں پلانٹ لگانے کی پیشکش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ لائیو اسٹاک ہماری زرعی معیشت کا اہم ستون ہے، اور اگر جانور بیماریوں سے محفوظ ہوں تو پاکستان عالمی منڈی میں گوشت کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔

مزیدخبریں