انسٹاگرام ریلز کے لیے نیا PiP فیچر، اب ویڈیوز ایپ سے باہر بھی دیکھی جا سکیں گی

03:43 PM, 2 Sep, 2025

کیلیفورنیا : انسٹاگرام نے اپنی ویڈیو سروس ریلز کے لیے ایک نیا اور کارآمد فیچر پکچر اِن پکچر (PiP) متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس فیچر کی مدد سے صارفین انسٹاگرام ایپ بند کیے بغیر، دوسری ایپس استعمال کرتے ہوئے بھی ریلز ویڈیوز دیکھ سکیں گے۔

یہ فیچر ان صارفین کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہوگا جو ایک وقت میں کئی کام کرنا پسند کرتے ہیں۔ اب وہ واٹس ایپ پر چیٹ کرتے ہوئے، ای میل چیک کرتے ہوئے یا براؤزنگ کے دوران بھی ریلز کو ایک چھوٹی ونڈو میں دیکھ سکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق انسٹاگرام نے فی الحال یہ فیچر محدود صارفین کو ٹیسٹ کے طور پر فراہم کیا ہے۔ ریلز کی پلے بیک سیٹنگز میں PiP کا آپشن شامل کیا گیا ہے، جسے ایپ ریسرچرز نے اپنے اسکرین شاٹس میں دکھایا ہے۔

یاد رہے کہ یوٹیوب اور ٹک ٹاک پہلے ہی PiP سپورٹ دے رہے ہیں، اور انسٹاگرام کا یہ قدم بھی اسی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔ امکان ہے کہ یہ فیچر جلد ہی تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

مزیدخبریں