سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کشمیر کے موجودہ حالات پر شدید تشویش کا اظہار، مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل کی اپیل

07:22 PM, 2 Oct, 2025

اسلام آباد:سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کشمیری علاقوں میں جاری کشیدگی اور حالات کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو ایک سمجھدار قیادت اور دانشمندانہ حکمت عملی کی اشد ضرورت ہے جو مسئلہ کشمیر کو مزید بگاڑنے سے بچا سکے۔

چوہدری سرور نے حکومت کی اس حکمت عملی پر افسوس کا اظہار کیا جس میں کشمیریوں کے دیرینہ مطالبات کو طاقت کے ذریعے دبا کر مسائل کو بڑھایا گیا، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی پاکستان کے ساتھ وفاداری اور محبت کسی شک سے بالاتر ہے اور یہ وقت ہے کہ ان کے رہنماؤں سے مذاکرات کر کے ان کے حقوق کی ضمانت دی جائے۔

انہوں نے کہا، "میں پچھلے 50 سال سے کشمیری کمیونٹی کے ساتھ کام کر رہا ہوں، ان کی استقامت اور محبت کو دیکھتے ہوئے حکومت کو چاہیے کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور کشمیری قیادت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا فوری اور جامع حل تلاش کرے۔

سابق گورنر نے زور دیا کہ کشمیر میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے سیاسی بات چیت ہی واحد راستہ ہے، اور حکومت کو چاہیے کہ وہ اس راہ پر گامزن ہو کر کشمیریوں کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے۔

مزیدخبریں