ملک میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ 2,500 روپے سستا

05:56 PM, 2 Oct, 2025

کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کے بعد اب ایک نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس سے زیورات کے خریداروں اور سرمایہ کاروں کو کچھ ریلیف ملا ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، فی تولہ سونا 2,500 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 7 ہزار 778 روپے پر آ گیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 2,144 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 49 ہزار 603 روپے ہو گئی ہے۔

دوسری جانب عالمی صرافہ مارکیٹ میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے، جہاں فی اونس سونے کی قیمت 25 ڈالر کم ہو کر 3,865 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سونے کی قیمت میں 3,500 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 10 ہزار 278 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں یہ کمی عالمی مالیاتی مارکیٹوں، ڈالر کے نرخ اور سرمایہ کاروں کے رجحانات میں تبدیلی کے باعث سامنے آئی ہے۔ مستقبل قریب میں قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں