’لازوال عشق‘ ریئلٹی شو پر صارفین کا غم و غصہ، یوٹیوب پر رپورٹنگ کا سلسلہ شروع

04:28 PM, 2 Oct, 2025

لاہور:ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ کو صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے جس کے باعث انہوں نے یوٹیوب پر اس شو کو رپورٹ کرنا شروع کر دیا ہے۔

یہ شو تب سے خبروں کی زینت بنا ہوا ہے جب اس کا پہلا ٹیزر سامنے آیا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام پاکستانی معاشرتی اور اسلامی اقدار کے خلاف ہے اور مغربی ڈیٹنگ شوز کی نقالی ہے۔ اس کے خلاف سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگز تیزی سے ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو بھی صارفین نے پابندی کا مطالبہ کیا، لیکن اتھارٹی نے کہا کہ چونکہ یہ شو ٹی وی پر نہیں بلکہ یوٹیوب پر دستیاب ہوگا، اس لیے پابندی ممکن نہیں۔

اداکارہ مشی خان نے بھی ’لازوال عشق‘ پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ یہ شو ترکی کے ریئلٹی شو ’عشق آداسی‘ سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے، اور اس طرح کے پروگرام پاکستانی معاشرے میں فحاشی کو فروغ دیتے ہیں۔

یوٹیوب پر جاری پہلی قسط میں شرکا کو مغربی لباس میں دکھایا گیا جبکہ میزبان عائشہ عمر نے کھل کر مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

سوشل میڈیا صارفین خاص طور پر خواتین کے لباس اور مواد پر نکتہ چینی کر رہے ہیں۔ اس کے جواب میں عائشہ عمر نے کہا کہ ان کے لیے سب سے اہم والدہ کی رائے ہے اور ان کی والدہ کو شو بہت پسند آیا۔

اس کے باوجود صارفین پابندی کے مطالبے پر قائم ہیں اور یوٹیوب پر رپورٹنگ کا عمل جاری ہے۔

مزیدخبریں