مظفر آباد : مظفرآباد میں جاری احتجاج کو مذاکرات کے ذریعے پرامن حل کرنے کی کوششوں کے تحت وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت وفاقی وزراء اور سیاسی رہنماؤں پر مشتمل حکومتی ٹیم مظفرآباد پہنچ گئی ہے۔ وفد میں رانا ثنااللہ، طارق فضل چوہدری، احسن اقبال، سردار یوسف، راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ شامل ہیں۔
وفد عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں سے بات چیت کرے گا تاکہ احتجاج کے دوران پیدا ہونے والے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر عوامی مطالبات کو سن کر معاملہ حل کرنے کی کوشش کریں گے، لیکن ساتھ ہی ایسے عناصر بھی موجود ہیں جو ملک میں امن و استحکام کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دور دراز ملک سے بھی اس حساس صورتحال پر فوری توجہ دی۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے 90 فیصد مطالبات حکومت نے تسلیم کر لیے ہیں۔
اس سے قبل مظاہروں کے دوران تشدد کی وجہ سے 3 پولیس اہلکار اور 6 عام شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 72 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ مذاکرات کے ذریعے اس کشیدگی کو ختم کیا جائے اور حالات کو پرامن بنایا جائے۔