پنجاب میں سفارش کا دور ختم، اب صرف میرٹ چلے گا ، وزیراعلیٰ مریم نواز

12:30 PM, 2 Oct, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پنجاب کے عوام کی تذلیل کرنے والوں کا بھرپور جواب دیں گی اور اس معاملے پر کبھی معافی نہیں مانگیں گی۔ انہوں نے شمالی اور جنوبی پنجاب کی تقسیم کی شدید مخالفت کی اور کہا کہ پنجاب کے تمام شہر بند مٹھی کی طرح جڑے ہوئے ہیں جنہیں کوئی تقسیم نہیں کر سکتا۔

مریم نواز نے پوزیشن ہولڈرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے طلبہ پنجاب اور پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں اور ایسے ملک کو کبھی زوال نہیں آتا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 50 ہزار سے زائد سکول ہیں جہاں کروڑوں بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، مگر سرکاری اور نجی تعلیمی معیار میں بہت فرق آ چکا ہے، جسے ختم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوان ملک کی ترقی کی بنیاد ہیں اور اس وقت 80 ہزار طلبہ اعلیٰ تعلیم کے لیے سکالرشپ حاصل کر رہے ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ طلبہ ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، اور اس سلسلے میں بہترین لیپ ٹاپس فراہم کرنے کا منصوبہ بھی ہے۔ انہوں نے والدین کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سب پر فخر محسوس کرتی ہیں۔

تعلیمی اصلاحات پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سفارش اور دھاندلی کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور اب ہر تعلیمی اور سرکاری عمل میرٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اہم تقرریوں کے انٹرویوز لیتے ہیں تاکہ میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔

مریم نواز نے سکول میل پروگرام کی کامیابی کا ذکر کیا جس کے تحت روزانہ 10 لاکھ بچوں کو دودھ فراہم کیا جا رہا ہے، تاکہ ان کی جسمانی نشوونما بہتر ہو سکے۔ علاوہ ازیں، پنجاب میں 6 ہزار جدید لیبز قائم کی جا رہی ہیں جہاں بچے جدید ٹیکنالوجی جیسے آرٹیفیشل انٹیلی جنس، روبوٹکس اور کوڈنگ سیکھیں گے۔

انہوں نے خواتین کی تعلیم اور ترقی پر بھی زور دیا اور بتایا کہ پنجاب میں پہلی بار لاہور میں پہلی خاتون کمشنر تعینات کی گئی ہے۔ انہوں نے معاشرے سے اپیل کی کہ لڑکیوں کی تعلیم کو روکا نہ جائے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے کئی شہروں میں کئی ہفتوں سے کوئی جرم رپورٹ نہیں ہوا، اور خواتین کے خلاف ہراسانی کے واقعات پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں میرٹ پر اساتذہ کی بھرتی ہو رہی ہے اور ہر سکول میں سبجیکٹ سپیشلسٹ موجود ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کا مقصد سرکاری سکولوں کو معیاری بنانا ہے تاکہ بچوں کو نجی سکولوں جیسی تعلیم ملے۔ پنجاب بھر میں 90 ہزار گھر بنانے کا منصوبہ بھی جاری ہے اور الیکٹرک بسیں چھوٹے شہروں سے شروع کی گئی ہیں تاکہ عوام کو سستا اور محفوظ سفر میسر ہو۔

مریم نواز نے عوام کو فیک نیوز اور پروپیگنڈا سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حقیقت کو سمجھنا ضروری ہے۔ انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ جو لوگ عوام کو تشدد پر اُکساتے ہیں وہ کبھی بھی عوام کے دوست نہیں ہو سکتے۔

آخر میں، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام وسائل پورے ملک کے لیے ہیں اور صوبوں میں تفریق کا تاثر غلط ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ کبھی بھی عوام کی عزت نفس پر سمجھوتہ نہیں کریں گی اور ان کا فرض ہے کہ عوام کی عزت کا دفاع کریں۔

تقریب کے آخر میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ عہدہ عوام کے اعتماد اور والدین کی دعاؤں کی بدولت ملا ہے اور وہ پنجاب کی خدمت کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔

مزیدخبریں