پاکستان کی اسرائیلی جارحیت کی مذمت، فلوٹیلا پر حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار

11:12 AM, 2 Oct, 2025

اسلام آباد: پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے امدادی قافلے گلوبل صمود فلوٹیلا کو زبردستی روکنے اور اس پر سوار انسانی حقوق کے کارکنان کو گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ نے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ فلوٹیلا میں 40 سے زائد کشتیوں پر تقریباً 500 بین الاقوامی رضاکار سوار تھے، جو غزہ کے محصور شہریوں کے لیے انسانی امداد لے جا رہے تھے۔ اسرائیلی کارروائی نے نہ صرف بے گناہ افراد کی جانوں کو خطرے میں ڈالا بلکہ قابض قوت کے طور پر اسرائیل کی ذمہ داریوں کی سنگین خلاف ورزی بھی کی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی مسلسل ناکہ بندی اور جارحیت سے 20 لاکھ سے زائد فلسطینی متاثر ہو رہے ہیں، اور امداد کو روکنا انسانیت کے خلاف عمل ہے۔ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ فلوٹیلا میں شامل تمام رضاکاروں کو فوری اور بغیر کسی شرط کے رہا کیا جائے۔

پاکستان نے ایک بار پھر فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو اپنے مسلسل غیر قانونی اقدامات پر جوابدہ بنایا جانا چاہیے۔

مزیدخبریں