اکتوبر میں سپر مون کا خاص نظارہ، چاند زمین کے بہت قریب ہوگا

12:36 PM, 2 Oct, 2025

کراچی : اکتوبر کا مہینہ چاند کے شائقین کے لیے خاص بات لے کر آ رہا ہے کیونکہ اس مہینے کا مکمل چاند زمین کے سب سے قریب ہو کر سپر مون کے طور پر نظر آئے گا۔

جب چاند زمین کے قریب ہوتا ہے تو وہ عام چاند سے بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے، جسے سپر مون کہا جاتا ہے۔ اس سال 7 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں 2025 کا پہلا سپر مون دیکھا جائے گا، جو عام چاند سے تقریباً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ چمکدار ہوگا۔

اس کے بعد نومبر اور دسمبر کے مہینے میں بھی سپر مون کا نظارہ ممکن ہوگا، اور جنوری 2026 میں بھی ایک سپر مون آئے گا، لیکن اسے 2025 میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

عام طور پر ہر سال 3 سے 4 بار سپر مون دکھائی دیتا ہے۔ 7 اکتوبر کو چاند زمین سے تقریباً 2 لاکھ 24 ہزار میل کے فاصلے پر ہوگا، جو ایک طویل وقفے کے بعد پہلا سپر مون ہے۔ اس سے پہلے یہ نومبر 2024 میں ہوا تھا۔

اس سال کا سب سے روشن چاند نومبر میں ہوگا جب چاند زمین کے اور بھی قریب ہوگا۔سپر مون اس لیے خاص ہوتا ہے کیونکہ جب یہ زمین کے افق کے قریب آتا ہے تو ہمیں یہ اپنے اصل سائز سے بڑا دکھائی دیتا ہے۔ سائنسدان کہتے ہیں کہ یہ نظر کا دھوکہ ہوتا ہے، کیونکہ آس پاس کی چیزیں جیسے درخت اور عمارتیں چاند کے فاصلے کا اندازہ غلط کر دیتی ہیں۔

مزیدخبریں