لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 7 دن کی توسیع کر دی ہے۔ اس کے تحت پنجاب میں احتجاج، دھرنوں اور عوامی مقامات پر لوگوں کے اکٹھا ہونے پر پابندی عائد رہے گی۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق دفعہ 144 کے تحت 4 یا اس سے زیادہ افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے، اسلحہ کی نمائش، اور اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت پر بھی پابندی ہوگی۔ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی مکمل طور پر پابندی ہے۔
اس پابندی کا اطلاق شادیوں، جنازوں اور تدفین پر نہیں ہوگا، اور نہ ہی سرکاری افسران یا عدالتوں کو اس سے متاثر کیا جائے گا۔محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات سکیورٹی کے پیش نظر اٹھائے جا رہے ہیں، کیونکہ عوامی اجتماعات دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ بن سکتے ہیں۔ اس سے قبل بھی دفعہ 144 میں توسیع کی جا چکی ہے تاکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر رکھا جا سکے۔