پاکستان سرحد پار دہشت گردی کے خلاف اقدامات جاری رکھے گا ، وزیر دفاع خواجہ آصف

12:14 PM, 2 Nov, 2025

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی کے خلاف اپنے اقدامات جاری رکھے گا اور اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی پالیسیوں اور افغانستان کے ساتھ تعلقات پر قومی سطح پر اتفاق رائے موجود ہے، اور پاکستانی عوام بالخصوص خیبرپختونخوا کے لوگ افغان طالبان کی سرپرستی میں بھارتی پراکسیز کی دہشت گردی کو بخوبی سمجھتے ہیں۔

انہوں نے افغان طالبان کی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طالبان ایک غیر نمائندہ حکومت ہیں جو اندرونی تقسیم اور بدامنی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان نے خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے حقوق کو سلب کر رکھا ہے اور ابھی تک عالمی برادری سے کیے گئے اپنے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ طالبان اپنے اندرونی مسائل کو چھپانے کے لیے بیرونی ایجنڈوں پر عمل کر رہے ہیں اور پاکستانی سرحدوں کے قریب دہشت گردی کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی افغان پالیسی کا مقصد قومی مفاد، امن اور استحکام کی بحالی ہے، اور پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ جھوٹے بیانات سے حقائق نہیں بدل سکتے اور پاکستان کا اعتماد صرف عملی اقدامات سے ہی مضبوط ہو سکتا ہے۔

مزیدخبریں