شہباز شریف کا آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ

01:00 PM, 2 Nov, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ "آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرت کی بنیاد ہے۔"

وزیراعظم نے کہا کہ صحافی عوام تک سچ اور حقائق پہنچانے کا اہم ذریعہ ہیں اور وہ سچائی کے علمبردار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف تشدد، دھمکیاں یا انتقام کے طور پر ہونے والے جرائم دراصل آزادی اظہار پر حملہ ہیں۔

شہباز شریف نے اس موقع پر ان تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے سچائی کے لیے مشکلات کا سامنا کیا، اور ان صحافیوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جنہوں نے اپنے پیاروں کو صحافتی فرائض کی ادائیگی کے دوران کھو دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان آزادیِ صحافت کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے اور ہم صحافیوں کے خلاف جرائم کی تفتیش، انصاف کی فراہمی اور ان کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنائیں گے۔

شہباز شریف نے بین الاقوامی برادری، میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ صحافیوں کے تحفظ اور اظہارِ رائے کی آزادی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ آزاد صحافت ہی ایک مضبوط، شفاف اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے۔

مزیدخبریں