لراچی: پاکستان کی نامور اداکارہ بشریٰ انصاری سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اپنی نقل اتارنے کی ویڈیو پر ناراضگی کا اظہار کرتی نظر آئیں۔
ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کے دوران میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ ان کی نقل اتارنے والی ویڈیو پر انہوں نے اعتراض کیوں کیا، جبکہ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ ماضی میں بشریٰ انصاری خود بھی مختلف شخصیات کی نقلیں کرتی رہی ہیں۔
اس پر اداکارہ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعریف نہیں کرتیں، لیکن انہوں نے ہمیشہ صرف معروف گلوکاراؤں طاہرہ سید، نور جہاں، مسرت نذیر اور سلمیٰ آغا کے گانے گانے کے انداز کی نقل کی ہے، جس میں نہ کوئی بدتمیزی شامل تھی اور نہ ہی کسی کی ذات کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پرفارمنسز میں ادب اور معیار کا خاص خیال رکھا جاتا تھا اور مواد بھی باوقار ہوتا تھا۔ ان کے مطابق موجودہ دور میں بننے والی بعض نقلیں اس معیار پر پوری نہیں اترتیں۔
بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ اگر کوئی فنکار غیر مناسب انداز میں کسی کی نقل اتارے تو اسے اچھا فن نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ اداکارہ وینا ملک نے بھی ان کی نقل کی تھی، جسے انہوں نے مثبت انداز میں سراہا تھا۔
اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہیں ناہید اختر کی نقل کرنے کی پیشکش ہوئی تھی، تاہم انہوں نے یہ کہہ کر معذرت کر لی کہ وہ اس کردار کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتیں۔