اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کا علمبردار بن کر ابھرا ہے اور سفارتی محاذ پر حاصل ہونے والی کامیابیاں "معرکہ حق" میں ہماری فتح کی گواہ ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو دنیا بھر میں بے نقاب کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک سال کے عرصے میں تمام حقائق پوری طرح واضح ہو چکے ہیں اور بھارت اس حقیقت کو تسلیم کرنے پر مجبور ہے کہ اس کا نیٹ ورک پکڑا جا چکا ہے۔عطا تارڑ نے زور دے کر کہا کہ آج پاکستان کا شمار دنیا کے اہم ممالک میں ہو رہا ہے۔ ان کے خطاب کے اہم نکات یہ تھے، دنیا آج پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی حکمت عملی کی معترف ہے۔ پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ وہ خطے میں صرف امن اور استحکام کا خواہشمند ہے، سفارتی سطح پر پاکستان کا مقام پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے "بیانیے کی جنگ" میں پاکستانی نوجوانوں کے متحرک کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں نے اپنی ذہانت اور حب الوطنی سے ثابت کیا کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے متحد ہو کر دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم ہر محاذ پر سچائی کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
پاکستان نے سفارتی محاذ پر 'معرکہ حق' جیت لیا، دنیا قیادت کی معترف ہے: عطا تارڑ
02:47 PM, 2 May, 2026