کراچی: پاکستان کے دفاع اور قومی جرات کی علامت ’’معرکۂ حق‘‘ کو ایک سال مکمل ہونے پر مزارِ قائد کراچی میں ایک پروقار اور عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ہندو، عیسائی، اور شیعہ کمیونٹی سمیت تمام مکاتبِ فکر کی نمایاں شخصیات نے شرکت کر کے قومی اتحاد اور مسلح افواج سے محبت کا بے مثال ثبوت پیش کیا۔
تقریب کے دوران شرکاء کا جذبہ دیدنی تھا اور پورا مزارِ قائد ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ اور ’’بنیانِ مرصوص زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا۔ شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ملکی سلامتی کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا تھا۔
مختلف مکاتبِ فکر اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’معرکہ حق‘‘ نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ہر شہری کا مشترکہ عزم ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب یا مسلک سے ہو۔ مقررین نے پاک فوج کو ’’بنیانِ مرصوص‘‘ (سیسہ پلائی ہوئی دیوار) قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم اور فوج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ایک سال قبل حاصل ہونے والی یہ کامیابی پاکستان کی تزویراتی اور دفاعی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔
تقریب کے اختتام پر بانیِ پاکستان کے مزار پر فاتحہ خوانی کی گئی اور ملک کی خوشحالی، سلامتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے اس تقریب کو قومی فخر کی علامت قرار دیتے ہوئے عزم کیا کہ وہ ملک کے دفاع کے لیے ہمیشہ متحد رہیں گے۔
'معرکۂ حق' کا ایک سال مکمل: مزارِ قائد پر بین المذاہب یکجہتی کا مظاہرہ، مزار کا احاطہ 'پاک فوج زندہ باد' کے نعروں سے گونج اٹھا
12:08 PM, 2 May, 2026