وزیر داخلہ کا تبلیغی مرکز کا دورہ: اجتماع ملتوی کرنے پر منتظمین کا شکریہ، ڈھائی لاکھ افراد کی شرکت متوقع

10:10 AM, 2 May, 2026

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں تین روزہ تبلیغی اجتماع اپنی پوری روحانی رونقوں کے ساتھ جاری ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز جامعہ ابوالقاسم تبلیغی مرکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتظامہ کی جانب سے ماضی قریب میں کیے گئے "قومی تعاون" کی خصوصی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے تبلیغی مرکز کے اکابرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب اسلام آباد میں اہم مذاکرات جاری تھے، اس وقت منتظمین نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اجتماع ملتوی کیا، جو حب الوطنی کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلوں سے ریاست کو امن و امان برقرار رکھنے میں بڑی مدد ملتی ہے۔
وزیر داخلہ نے اجتماع گاہ میں سہولیات کا معائنہ کیا اور درج ذیل امور پر اطمینان کا اظہار کیا،  ڈھائی لاکھ کے لگ بھگ متوقع شرکاء کے لیے پینے کے صاف پانی، وضو خانے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی۔ اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ اجتماع کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ داخلی اور خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں اور واک تھرو گیٹس کے ذریعے کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
تبلیغی مرکز کے اکابرین نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ اجتماع کا مقصد خالصتاً مذہبی تعلیمات کی ترویج اور انسانیت کی بھلائی ہے۔ یہ اجتماع 3 روز تک جاری رہے گا جس کا اختتام اتوار کے روز عالمِ اسلام کی سربلندی اور پاکستان کی خوشحالی کی رقت آمیز اجتماعی دعا کے ساتھ ہوگا۔

مزیدخبریں